ایبٹ آباد: گزشتہ شب ناڑی روڈ پر شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کرکے خواجہ سرا کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم توقیر احمد ولد نزیر، سکنہ جھنگی نے ناڑی روڈ پر بھیرہ سرگودھا سے تعلق رکھنے والی خواجہ سرا زیبی اور اس کی ساتھی لاہور کی رہائشی بینش پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زیبی موقع پر جاں بحق جبکہ بینش شدید زخمی ہو گئی۔
ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میرپور پولیس کو ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ زخمی بینش کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اور مقتول خواجہ سرا کے درمیان دوستی تھی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
0 Comments